اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق، مشرق وسطی کے امور میں امریکا کے سابق خصوصی ایلچی اور لبنان میں تعینات موجودہ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو پاکستان میں امریکا کا نیا سفیرنامزد کیا گیا ہے ۔ ڈیوڈ ہیل اس سے پہلے اردن میں بھی امریکہ کے سفیر رہ چکے ہیں ۔
واضح رہے کہ امریکہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے مقابلے کی غرض سے، وہ پاکستان کے ساتھ سیکورٹی اور انٹلی جنس کےشعبے میں زیادہ تعاون کرے گا ۔
پاکستان میں نئے امریکی سفیرکی تعیناتی ایک ایسے وقت عمل میں آرہی ہے جب کافی عرصے سےدونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی پائی جارہی ہے۔ القاعدہ کے سابق سرغنہ اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی کمانڈوز کا ایبٹ آباد آپریشن، ہندوستان کے ساتھ امریکہ کا ایٹمی سمجھوتہ اور سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کے لئے نئی دہلی کی کوشش کی امریکہ کی جانب سے حمایت وہ جملہ معاملات ہیں جو واشنگٹن سے اسلام آباد کی رنجش کا باعث بنے ہیں ۔